پروفیسر شرف النہار صاحبہ کی حیات و خدمات پر مبنی کتاب کی ترتیب
پروفیسر شرف النہار محقق ، نقاد، بہترین مقرر ،اعلیٰ پایہ کی اُستاد، کامیاب منتظم ،صوم و صلوٰة کی پابند اور پچیس پاروں کی حافظہ ہیں۔آپ ایک ایسی استاد ہیں جو اکثر ساتھیوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی اور شاگردوں میں ہردلعزیز اور کافی مقبول ہیں۔پروفیسر شرف النہار ایک جامع الحیثیات شخصیت کی مالک ہیں۔آپ فارسی، اُردو اورمراٹھی زبان و ادب کا نکھرا ذوق رکھتی ہیں۔آپ شستہ و سلیں اور عام فہم اُردو میں لیکچر دیا کرتی ہیں۔طلبہ آپ کے لیکچرس محویت کے عالم میں سنتے ہیں، ان کے بے شمار شاگر د ہیں۔آپ بڑی خلیق ،منکسرالمزاج ، حسن و گفتار و کردار کی حامل اور خلوص ومحبت کی پیکر خاتون ہیں۔ آپ کی ولادت بریلی شریف کے ایک سادات گھرانے میں ہوئی۔ وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ۔ بعد ازاں روہیل کھنڈ یونیورسٹی سے بی۔اے اور ایم۔ اے کیا ۔ کانپور یونیورسٹی سے بی ایڈ کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم فل میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ پروفیسر خورشید احمد کی نگرانی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ” اُردو میں مراٹھی ادب کے تراجم “ عنوان کے تحت پی ایچ ڈی کا مقالہ قلم بند کر کے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازی گئیں۔
پروفیسر شرف النہار نے دیانند ڈگری کالج کانپور سے اپنی ملازمت کا آغاز کیا۔ 1994ءسے 1997ءتک علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اُردو سے منسلک رہیں۔ 1997ءسے یکم جولائی 2020ءتک ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فور ویمن ، نوکھنڈا ، اورنگ آباد (مہاراشٹر )کے شعبہ اُردو کی صدارت پر متمکن رہیں۔ علاوہ ازیں سابق وائس پرنسپل اورنگ آباد کالج فور ویمن ، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یونیورسٹی کے بورڈ آف اسٹڈیز کی رکن اور بعد میں چیئرمین ، مہاراشٹر ہسٹوریکل ریسرچ سوسائٹی اورنگ آباد کی جوائنٹ سکڑیٹری جیسے معزز عہدوں کے ساتھ ساتھ مذکورہ یونیورسٹی کے شعبہ اُردو کی ریسرچ گائیڈ بھی ہیں۔
پروفیسر شرف النہار سرزمین بریلی میں پیدا ہوئیں اوراورنگ آباد میں بے مثال ادبی کارنامے انجام دیے۔ تخلیق ، تحقیق ، تنقید کے میدان میں قلم اُٹھایا اور اس کا حق ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔آپ کے فن کی اس جدت میں جہاں آپ کے عمیق مطالعہ اور شدید مشاہدے کو بڑا دخل حاصل ہے وہیں یہ دکن کی مٹی کی دین بھی ہے کیوں کہ یہاں کے ہر فطری فن کار نے نہ صرف اپنے راستے کا خود انتخاب کیا بلکہ ادب کے دھارے کو متاثرکن انداز میں پیش کرنے کی کوشش بھی کی۔سرزمین دکن کی خوش قسمتی ہے کہ دکن کو پروفیسر شرف النہار جیسے اُردو کے پرستار ملے۔ جنھوں نے اس زمین کی چھپی ہوئی اسرارکی عظمت سے دنیا کو روشناس کروایا۔ 23 سال کی طویل مدت سے آپ گیسوے اُردو کو سنوارتی رہی ہیں۔ کبھی تحقیق تو کبھی تنقید اور کبھی خواتین آپ کی تخلیقات کے موضوع بنے ۔آپ ڈاکٹر رفیق زکریا کالج فار وویمن (اورنگ آباد مہاراشٹر)میں پروفیسر تھیں،آپ یکم جولائی 2020ءکو ریٹائر ہوئیں۔
افسوس! لاک ڈاﺅن کے سبب کسی خاص تقریب کا نظم نہیں کیا جا سکا۔البتہ آپ کی نگرانی میں ریسرچ کر نے والے قابل جرنلسٹ و ریسرچ اسکالر جناب عطاءالرحمن نوری میڈم کی حیات و خدمات پر مبنی کتاب ترتیب دے رہے ہیں ۔ آپ سے التماس ہے کہ پروفیسر شرف النہار صاحبہ کی حیات و خدمات پر مبنی مقالہ ، کتابوں پر تبصرہ ، ذاتی مشاہدات پر مبنی مضمون ، پیش لفظ یا اپنے گراں قدر تاثرات عطا فرمائیں تاکہ اُردو ادب کی ایک خاموش خدمات گذار کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے ۔
رابطہ : عطاءالرحمن نوری (سینئر ریسرچ فیلو )
9270969026
Atanoori92@gmail.com
..:: FOLLOW US ON ::..
![]() |
![]() |
![]() |
No comments:
Post a Comment