علامہ قمرالزماں خان اعظمی کی جانب سے تعزیت نامہ
بخدمت گرامی حضرت امینِ ملت پروفیسر ڈاکٹر سید محمد امین میاں قادری برکاتی و شرفِ ملت سید محمد اشرف میاں قادری و رفیقِ ملت سید نجیب حیدر میاں نوری و جملہ شہزادگان خاندان برکات مارہرہ مطہرہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ!
آج کل ہر صبح اس بات کا خدشہ لگا رہتا ہے کہ طلوعِ سحر کے ساتھ کسی اپنے کی وفات کی اطلاع نہ ملے ۔ سال 2020ء صدمات و الم کا سال بن گیا ہے گویا یہ ہم اہل سنت کے لیے عام الحزن بن گیا ہے ۔ یکے بعد دیگرے اہل سنت و جماعت کے ایک سے بڑھ کر ایک لعل و جواہر کو اس سال نے ہم سے چھین لیا ۔ ابھی ہم محدث اعظم پاکستان مولانا سردار احمد کے فرزند اکبر قاضی فضل رسول حیدر رضوی کے وصال کے غم سے نکل بھی نہ پائے تھے کہ ہمارے مرکز عقیدت مارہرہ مطہرہ کے چشم و چراغ امینِ ملت پروفیسر ڈاکٹر سید محمد امین میاں قادری اور سید محمد اشرف میاں کے بھائی سید محمد افضل میاں قادری بھی ہمیں داغِ مفارقت دے گئے ۔ انا للہ وانا الیہ رٰجعون،
سید محمد افضل میاں قادری حضور احسن العلماء قدس سرہٗ کے وہ شہزادے تھے جنھوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار رہے اور پولیس محکمے کے اعلیٰ مناصب پر بھی فائز رہے ۔ جہاں بھی رہے پورے وقار کے ساتھ رہے، اپنا وقار قائم رکھا ۔ خانقاہ کا وقار قائم رکھا ۔ قوم و ملت کا وقار قائم رکھا ۔ بڑے ہی نیک سیرت اور خوش اخلاق تھے ۔ ابھی آپ کی عمر بھی زیادہ نہ تھی مرضی مولیٰ از ہمہ اولیٰ کے مصداق وہ اپنے رب کے حضور جا پہنچے ۔ میں خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ کے سجادگان و شہزادگان بالخصوص حضرت امینِ ملت، سید محمد اشرف میاں اور حضرت رفیقِ ملت کی خدمت تعزیتِ مسنونہ پیش کرتا ہوں اور اس دکھ کی گھڑی میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں۔ اللہ کریم حضرت سید محمد افضل میاں قادری کے درجات بلند فرمائے اور خاندان برکات اور خانقاہ برکاتیہ کے جملہ مریدین و متوسلین اور معتقدین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وصحبہ وبارک وسلم
فقط خاکسار
محمد قمرالزماں خاں اعظمی
مانچسٹر، انگلینڈ
16 دسمبر 2020ء
..:: FOLLOW US ON ::..
![]() |
![]() |
![]() |
No comments:
Post a Comment