حضرت سید محمد افضل میاں قادری برکاتی مارہروی کی رحلت پر مرکز سُنّی دعوت اسلامی پر تعزیتی نشست و محفل ایصال ثواب
15 دسمبر 2020ء(عطاءالرحمن نوری):چشم و چراغ خاندان برکات حضرت سید محمد افضل میاں قادری برکاتی مارہروی کا طویل علالت کے بعد 15دسمبر 2020ءکو انتقال پر ملال ہوگیا۔ واضح ہوکہ سید محمد افضل قادری صاحب مارہرہ مطہرہ کی عظیم الشان مرکزی خانقاہ کے حضرت احسن العلماءقدس سرہ کے فرزند اور مشہور عالمی روحانی رہنما تعلیم دوست پروفیسر ڈاکٹر سید محمد امین میاں قادری برکاتی مارہروی اور مشہور افسانہ نگار و فکشن رائٹر چیف انکم ٹیکس کمشنر کولکاتا سید محمد اشرف میاں قادری کے بھائی ہیں۔موصوف 1990 بیچ کے IPS ہیں۔ اگست 1990 میں نیشنل پولیس اکیڈمی حیدرآباد سے ان کی ملازمت کا سلسلہ شروع ہوا اور بتدریج ترقی کرتے ہوئے مسلم یونیورسٹی علی گڑھ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے رجسٹرار بھی بنائے گئے۔ ایک عرصے تک محکمہ سی آئی ڈی کے ڈی آئی جی بھی رہے ۔موصوف البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی علی گڑھ کے فاونڈر ممبر اور حکومت مدھیہ پردیش کے محکمہ پولیس میں اے،ڈی،جی کے عہدے پر فائز تھے۔وطن عزیز بھارت کی 73 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے ہاتھوں آپ کواعلیٰ، بہتر اور معیاری خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صدر جمہوریہ بہادری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔آپ کا وصال جہاں خاندانِ برکات کے لیے بہت بڑا نقصان ہے وہیں دنیائے اہلسنّت کے لیے بھی غم کی بات ہے ۔
اس عظیم سانحہ کی خبر ملنے پر سنّی دعوت اسلامی مالیگاﺅں کے نگراں مولانا سید محمد امین القادری صاحب نے تعزیت کا اظہار کیا، دعائیہ کلمات کہے اور مرکز سنّی دعوت اسلامی سنّی جامع مسجد یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (مالیگاﺅں)پر تعزیتی نشست و ایصال ثواب کے اہتمام کے لیے کہا۔مجلس شوریٰ کے ارکان ، مبلغین اورمعاونین کی موجودگی میں ایصال ثواب کی بزم کا اہتمام کیا گیا ۔ تلاوتِ قرآن اور قُل شریف کے بعد بارگاہِ صمدیت میں سید محمد افضل میاں کے درجات کے بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اللہ کریم حضرت کے درجات کو بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الکریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وصحبہ وبارک وسلم
..:: FOLLOW US ON ::..
![]() |
![]() |
![]() |
No comments:
Post a Comment