اسریٰ اور معراج کے سفر کی منفرد حکمتیں:مختلف اسفار کے تناظرمیں
از:عطاءالرحمن نوری (ریسرچ اسکالر) مالیگاﺅں
ابتدائے آفرینش سے لے کر آج تک انسان مصروفِ سفر ہے۔انسان کا سفر علم ِالٰہی سے شروع ہوتا ہے۔علم ِالٰہی سے عالم ِارواح کا سفر،عالم ِارواح سے باپ کی پُشت کا سفر،پُشت ِ فادر سے رحم ِ مادر کا سفر اور پھر رحم ِ مادر سے دنیاوی سفر۔ اس سفر کا اختتام خالق کائنات کی بارگاہ میں پہنچنے پر ہوگا۔انسان کے ظاہری سفر کا آغاز تمام انسانوں کے جد امجد سیدنا آدم علیہ السلام کی ذات سے ہوتا ہے۔ابوالبشر حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق جنت میں ہوئی اور آپ زمین پر تشریف لائے،یہ آپ کا جنت سے زمین کی جانب سفر تھا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا زوجہ محترمہ حضرت ہاجرہ اور بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ساتھ شہر بابل سے حرم کی سر زمین کی طرف سفر،حضرت لوط علیہ السلام کا عذاب نازل ہونے والی پانچ بستیوں (سعدون،عمورا،اوما،زبوئیم اور سدوم) سے نکل جانے کا سفر،حضرت یوسف علیہ السلام کا بازارِ مصر تک کا سفراور پھر قیدوبند سے بادشاہت کا سفر،حضرت ایوب علیہ السلام کا تندرستی وتوانائی سے آزمائش کی طرف سفرِ صبر۔حضرت یونس علیہ السلام کا شکمِ مچھلی میں چالیس روزہ سفر،حضرت موسیٰ علیہ السلام کا مصر سے مدین کی طرف سفر ہجرت،حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا سفر آسمانی اور پھر سیدالانبیاء مونس انس وجاں شاہکار دست قدرت مصطفی جان رحمت ﷺ کے مختلف اسفار۔ کبھی بغرض تجارت ملک شام کا سفر،کبھی شہر طائف ودیگر علاقوں کا تبلیغی سفر،مکہ سے مدینہ کی جانب سفر ہجرت اور بالخصوص سفر معراج۔ غرضیکہ جدا جدا دور میں انبیائے کرام نے مختلف اسفا ر فرمائے ہیں۔
نبی آخرالزماں ﷺ کے بعد آپ ﷺ کے جاں نثاروں نے دنیا کے گوشے گوشے میں تبلیغ دین کے لیے سفر کیا۔ تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزارصحابہ کرام میں سے حرمین طیبین میں کم و بیش چار ہزار صحابہ کرام کی مزاریں ہیں، معلوم ہوا کہ فروغِ دین کی خاطر آسمانِ ہدایت کے ان تاروں نے اللہ کی وسیع وعریض زمین پر طویل طویل اسفار کئے اور مرضی مولیٰ کے مطابق اشاعت دین کرتے ہوئے زمین کے مختلف خطوں میں آرام فرما رہے ہیں۔ ان کے عزم واستقلال کو دیکھتے ہوئے پہاڑوں کی بلند وبالا چوٹیاں سرنگوں ہوجاتیں، صحراﺅں کی وسعتیں سمٹ جاتیں اور دریاﺅں کی روانی راستہ ہموار کردیتی۔ کربلا کی خون سے رنگین سُرخ زمین آج بھی تحفظ اسلام کی خاطر کئے گئے سفر حسینی سے اسلام کی خاطر سر کٹانے کا پیغام دے رہی ہے۔ روم وایران کے جغرافیائی نقشے دنیائے کفرسے 125 لڑائیاں لڑنے والے عظیم المرتبت مجاہد، جنگجو، بہادر اور نامورسپہ سالاراسلامی تاریخ کے اولوالعزم شمشیر آزما اور عبقری جرنیل سیدناحضرت خالد بن ولیدرضی اللہ عنہ کے مختلف اسفار گستاخان رسولﷺ کے سروں کو تن سے جداکرنے کا درس دے رہے ہیں۔ جیلان کی سرزمین سے بغداد تک کا سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمة اللہ علیہ کا علمی و روحانی سفر حصول ِعلم کے لیے جدوجہد وسعی پیہم کا نمونہ فراہم کررہاہے۔ نائب النبی فی الہند سیدنا خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کا سنجر سے اجمیر مقدس کا سفر راہِ تبلیغ دین میں کلفتوں، صعوبتوں، مصیبتوں اورپریشانیوں کو اٹھانے کی تعلیم دے رہاہے۔ جذبہ سفر کی بدولت ہی محمد بن قاسم ایک مسلم خاتون کی صدا پر لبیک کہتے ہوئے سندھ کی سرزمین پر تشریف لائے اور اپنی سگی بہن سے شادی کرنے والے ظالم وجابر راجہ داہر کو شکست فاش دیتے ہوئے اسلامی پرچم کو بلند کیا۔ جبل ِطارق کی چوٹیاں قومِ بربر کے بہادر سپوت طارق بن زیاد اور شریک ِ سفر نوجوانوں کے شوقِ جنوں کی داستان سنا تے ہوئے ہر مُلک مِلکِ مااست کہ مُلکِ خداے مااست کا نعرہ مستانہ یاد دلارہی ہیں، قبلہ اول کی درودیوار عزم وہمت کے جبل شامخ سلطان صلاح الدین ایوبی کے کربناک سفر کا تذکرہ کررہی ہے۔ قسطنطنیہ کا ناقابل تسخیر قلعہ سلطان محمد فاتح کے سفرِ جرات وبہادری کے ترانے گنگنارہا ہے۔ اگر سفر کا مادہ نہ ہوتا تو واسکوڈی گاما ہندوستان دریافت نہ کر پاتا۔
سفر کی دو قسمیں ہوتی ہیں۔ایک سفر وہ ہوتا ہے جو انسان خود کرتا ہے اور دوسرے وہ سفر جو کسی کی دعوت یابُلانے پر ہوتاہے۔ تمہیدی کلمات میں ہم نے عرض کیاکہ رسول اکرم ﷺنے اپنی حیات مبارکہ میں متعدد اسفار فرمائے۔ان اسفار میں مرکزی حیثیت ”سفر معراج “کو حاصل ہے۔یہ سفر سیاح لامکاں ﷺنے خود نہیں کیابلکہ خالق ارض وسما نے اپنے محبوب مکرم کو لامکاں کا سفر خود کروایا۔خالق کائنات نے اس ایک سفر میں وجہِ تخلیق کائنات کو دوسفر کرائے۔ ایک وہ سفر جب نبی مکرم، فخر مجسم، شافع امم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ سے مسجد اقصیٰ تک تشریف لے گئے جو ”سفر اسرائ“ ہے اور دوسرا سفر وہ ہے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم زمان و مکان کی حدوں سے بلند ہو کر سدرة المنتہیٰ اور عرشِ معلّٰی سے بلند ہوکر لامکاں تشریف لے گئے یہ ”سفر معراج“ ہے۔
ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب رب تعالیٰ اپنے حبیب کو لامکاں بلانا چاہتا تھا تو پھر مکہ سے بیت المقدس تک کا سفر کیوں کرایا گیا؟ براہِ راست اُم ہانی کے مکان سے سواری سدرة المنتہیٰ کیوں نہیں پہنچ گئی؟ اگر اس سوال پرغور وخوض کیا جائے تو اسلامی تاریخ میں ہمیں ایسے دو واقعات اور نظر آےئنگے جن میں آسمان سے زمین پر آنا اور زمین سے آسمان کی طرف جانا ثابت ہے۔ ابوالبشر سیدنا آدم علیہ السلام جنت سے زمین پر تشریف لائے اور روح اللہ سیدنا عیسیٰ علیہ السلام زمین سے آسمان کی طرف اُٹھائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : واقعہ معراج سے ستم رسیدہ اہل اسلام کے لئے خصوصی پیغام
تاریخ اسلام میں آنا تو ایک واقعے سے ثابت ہے مگر جانا دو واقعے سے۔ان دونوں واقعات میں جانے کی جگہ مشترک ہے۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی آسمان کی طرف اٹھائے گئے تو بیت المقدس کی سرزمین سے اور معراج کے دولہا ،سیاح لامکاںا ﷺ بھی آسمان پر بُلائے گئے تو بیت المقدس کی دھرتی سے۔
ان واقعات کو پڑھنے کے بعد گزشتہ کئی سالوں سے ایک سوچ میں ڈوبا ہوا تھا کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟وہ رب جو ”کُن “فرماکر ساری دنیا کی تخلیق فرمانے کی قدرت رکھتا ہے کیاوہ اس بات پر قادر نہیں کہ مکہ مکرمہ کی سرزمین سے ہی اس رسول کو قرب خاص میں بُلایا جاتا جو وجہِ تخلیق کائنات ہیں؟ یقینا رب قادر ِمطلق ہے، وہ ہر چاہے پر قادر ہے مگر اس کے کاموں میں صدہا حکمتیں ہیں، حساس روحیں ان حکمتوں کا ادراک کرلیتی ہیں اور قدرت کی طرف سے عطا کردہ اشاروں کنایوں میں غوروخوض کے ذریعے قدرت کے رازِ سربستہ کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں اور جو کوشش کرتا ہے وہ گوہر مراد کو پا لیتا ہے۔ اسی لیے اللہ پاک نے قرآن کریم میں دو سو پچاس مقامات پر تحقیق وتفتیش اور فکروعمل کی طرف رغبت دلائی ہے۔ ذہن میں پیدا اس خلجان کا جواب مجھے ماہ رمضان 2014ء میں روزنامہ انقلاب ممبئی میں شائع ہونے والے قسط واری مضمون ”انبیاء سیریز“ میں ملا۔ اس میں یہ جملہ لکھا تھا جس کا مفہوم ہے
”خلا میں جانے کے لیے راستہ بیت المقدس سے ہوکرگزرتا ہے اور تمام خلائی سیارے اسی راستے سے ہوکر گزرتے ہیں۔“
اس سائنسی تحقیق کو پڑھنے کے بعد معلوم ہوا کہ جنت سے دنیا میں آنے اور جانے کا راستہ ہے۔ (واللہ ا علم باالصواب) مگر افسوس اس بات کا ہے کہ غیروں نے راستہ دریافت کیا اس لیے وہ محض ایک خلائی راستہ ہے اور اگر مسلمان قرآن کریم کی روشنی میں اس راستے کی تلاش کرتے تو ہم دنیا کوخلائی راستہ بھی بتاتے اور قرآن و احادیث کی تعلیمات بھی۔ اس قسم کی اسلامی دعوت کے یقینا مثبت اور امید افزا نتائج برآمد ہوتے ۔ شاید یہی حکمت رہی ہو خدائے تعالیٰ کی کہ دونوں انبیائے کرام کوایک جگہ سے آسمان پر بلایا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں : سیدنا امام جعفر صادق : خانوادہ نبوت کے عظیم چشم وچراغ
اس سفر کا دوسرا حصہ سفرِ معراج ہے۔ جیسا کہ ہم نے کہا کہ سفر نامے کی حیثیت اس وقت تک قائم رہتی ہے جب تک جس چیز کا مشاہدہ کیا ہو وہ باقی رہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کو کن کن چیزوں کا مشاہدہ کروایا۔ اس ضمن میں احادیث مبارکہ ہماری رہ نمائی کررہی ہے کہ سفر معراج میں رسول گرامی وقار ﷺ نے جنت کی سیر کی اور جہنم کا مشاہدہ کیا۔ یعنی ایسی نادر ونایاب چیزوں کی سیر اور مشاہدہ کیا جنہیں نہ کسی آنکھ نے دیکھا ہے اور نہ ہی کسی کے وہم وگمان میں ان کا تصور آیا ہے۔ اور سب سے بڑی بات مصطفی کریم ﷺ نے اپنے ماتھے کی آنکھوں سے اپنے رب کا دیدار کیا۔ جنت وجہنم رب کی پیدا کردہ ہے اور رب جب تک چاہے گا ان کا وجود باقی رہے گا اور رب کی ذات ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ معلوم ہوا مصطفی کریم ﷺ کے سفر نامے کی حیثیت زمانی یا لمحاتی نہیں ہے بلکہ اس سفر نامے کی حیثیت ہمیشہ کے لیے مسلم ہے بلکہ یہ کہوں تو بے جا نہ ہوگا کہ جب تک رب کی ذات موجود ہے تب تک اس سفر نامے کی حیثیت باقی رہے گی اور رب کی ذات ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔
ایک اور نکتہ قابل غور ہے کہ سفیر خود سفر کرتے ہےں اور اپنا سفر نامہ خود لکھتے ہےں۔ یہاں سفر کرایا بھی خدا نے ہے اور سفر نامہ بیان بھی خدا نے کیا ۔اور ایسی کتاب میں بیان کیا جو اس کا کلام ہے اور ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔ اب ہمیں چاہئے کہ اس سفر سے متعلق قرآن کریم واحادیث رسولﷺمیں جو خطوط بتائے گئے ہیں ،ان ہی پر اپنی زندگی گزاریں اور آخرت میں جنت کی سیر اور دیدارِ الٰہی سے اپنی آنکھوں کو ٹھنڈی کریں۔ اللہ پاک علم وعمل کی توفیق عطا فرمائے۔
ٹی آر پی اور افواہوں سے دور،سچائی ، دیانت اور انصاف سے قریب ، مبنی بر حقیقت مضامین ،مقالات ، تعلیمی ، انقلابی ، معیاری اور تحقیقی و تفتیشی ویڈیوز کے لیے غیر جانبدار ادارے نوری اکیڈمی کے یوٹیوب چینل ، ویب سائٹس اور سماجی رابطے کی تمام سوشل سائٹس پر اپڈیٹ پانے کے لیے نوری اکیڈمی کو سبسکرائب ، فالو اور لائک کریں۔
..:: FOLLOW US ON ::..
![]() |
![]() |
![]() |
No comments:
Post a Comment