ڈپریشن اور مایوسی کی سب بڑی وجہ مادی نظریات کا فروغ
سنی اجتماع کے آخری دن علامہ قمرالزماں اعظمی ، قاری ظہیرالدین خان ،مولاناشاکر نور ی اور کئی اربابِ علم و فن کے موثر خطابات
محض دانتوں کی خوبصورتی کے لیے قدرتی دانت نکال کر دوسرے دانت لگوانا ناجائز ہے۔ مفتی محمد نظام الدین رضوی
(ممبئی)پریس ریلیز:سنّی دعوت اسلامی کے اُنتیسویں سالانہ سُنّی اجتماع کے آخری دن متعدد علماو مبلغین نے کئی اہم پیغامات دیے۔آج کے مرکزی خطاب میں امیر سنی دعوت اسلامی مولانامحمد شاکر نوری نے ”مادہ پسندی کے اسباب وعلاج “پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیاکے ہر مذہب کا ماننے والاآج مادیت کی طرف بڑھ رہاہے ۔ انسان جسم اور روح کا مرکب ہے۔ آج کا انسان جسم کی طرف متوجہ ہے روح کی طرف نہیں۔قرآن واحادیث سے معلوم ہوتاہے کہ روحانی ارتقاانسان کے لیے نہایت ضروری ہے۔مادی نظریات کی وجہ سے انسان کا جسم تو سنورتا ہے لیکن روح نہیں ، جب کہ سکون و اطمینان کی دولت روح کے ارتقامیں ہے۔مولاناموصوف نے کہاکہ اسباب کو سب کچھ سمجھ کر انھی پر بھروسہ کرلینااور خالق حقیقی سے غافل ہوجانے کو مادیت اور مادہ پسندی کہاجاتاہے۔آج پوری دنیامیں ڈپریشن اور مایوسی چھائی ہوئی ہے، اس کی سب بڑی وجہ مادی نظریات کا غلغلہ اور ان کا فروغ ہے۔ڈاکٹر اقبال نے اسی لیے مشینوں کے آلات کی حکمرانی اور دبدبے کو موت قرار دیاتھا۔مولاناموصوف نے سورہ کہف میں دوبھائیوں کے بیان کردہ واقعہ کی روشنی میں مادہ پسندی اور روحانیت پسندی کا انجام واضح کیا۔آپ نے کہا کہ جسم اور روح دونوں کو متوازن غذادیناضروری ہے اگر اس میں کوتاہی ہوئی تو انسان ناقص رہ جاتاہے۔
قوم مسلم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مادی نظریات وافکار کی طرف لپکنے کی بجائے قرآن کے دیے ہوئے روحانی تعلیمات کی طرف بڑھیں۔آپ نے کہاکہ قوم مسلم کی علمی واخلاقی افلاس کا علاج صدقہ جاریہ میں بھی ہے ،ہربااثر انسان اپنے پیچھے مدارس ، مساجد اور اسکول وکالج چھوڑنے کی کوشش کرے ،انھی سے امت مسلمہ ترقی پذیر ہوسکتی ہے۔آج یوکے، لندن کے مبلغ سنی دعوت اسلامی جناب عارف پٹیل صاحب نے انگریزی زبان میں ”محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہماری زندگی اور ہمارے آئیڈئیل “کے عنوان پر خطاب کیا۔
قاری محمد رضوان خان صاحب نے مراٹھی زبان میں خدمت خلق کی اہمیت پر خطاب کیا۔آپ نے کہا کہ تمام خلق خدا اللہ کا کنبہ ہے۔بھو کوں کو کھانا کھلانا،بند گان خدا کی مدد کرنا بلاامتیاز اسلامی تعلیمات سے ہے۔کئی قسم کے کفارات میں یتیموں اور مسکینو ں کو کھانا کھلانے کا حکم موجو د ہے۔
محقق مسائل جدیدہ مفتی محمد نظام الدین رضوی(مبارک پور) نے سوالات کے جوابات دیے۔آپ نے ایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ محض دانتوں کی خوبصورتی کے لیے قدرتی دانت نکال کر دوسرے دانت لگوانا ناجائز ہے کیوں کہ اللہ کی پیدا کردہ چیز کو بگاڑنا ہے۔ہاں شرعی مجبوری ہو تو جائز ہے۔ایک سوال کے جواب میں آپ نے فرمایا کہ جن چیزوں کی خرید وفروخت شرعا جائزہے ان کا آن لائن اشتہار بھی جائز ہے۔اور جن اشیا کی خرید وفروخت ناجائز ہے ان کا آن لائن اشتہار بھی ناجائز ہے۔
مفکر اسلام علامہ قمرالزماں خاں اعظمی (لند ن )نے اسلام کا معاشی نظام کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے اُمت مسلمہ کو تجارت اور صنعت وحرفت کی اہمیت سے آگاہ کیا اور باضابطہ مسلمانوں کو اپناذریعہ معاش مضبوط ومستحکم کرنے کی درخواست کی۔آپ نے کہاکہ تمام انبیاے کرام نے معاشی تگ ودو کیا اور باضابطہ صنعت وحرفت یاتجارت سے وابستہ ہوئے۔کاشت کاری کی اہمیت بیان کرتے ہوئے علامہ اعظمی نے کہاکہ کاشت کاری کرنے والے کے لیے فرشتے استغفار کرتے ہیں۔بنجر زمین کو قابل کاشت بناناحدیث میں اسے صدقہ قرار دیا گیاہے۔
بعدہ مفسر قرآن علامہ ظہیر الدین خاں قادری رضوی (پرنسپل دارالعلوم محمدیہ ،ممبئی)نے صراط مستقیم کیا ہے ؟اسے قرآن وحدیث کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا۔علامہ اعظمی کے صاحب زادے بیرسٹر معین الزماں نے انگلش میں ”قوم مسلم اور تعلیم کی اہمیت“ پر خطاب کیا۔آج ذکر ودعااورصلوة وسلام پر سنی اجتماع کا اختتام ہوا۔
..:: FOLLOW US ON ::..
![]() |
![]() |
![]() |
No comments:
Post a Comment