معمولات عاشورہ اور اعمال صالحہ فرامین رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے آئینے میں
از:عطاءالرحمن نوری،ریسرچ اسکالر(مالیگاﺅں)
لفظِ عاشورہ ”عشر“ سے بنا ہوا ہے جو کہ دسویں کے معنی میں ہے۔ عاشورہ کو عاشورہ کہنے کی چند وجہیں ہیں:
(1) یہ ماہِ محرم الحرام کا دسواں دن ہوتا ہے اس وجہ سے اس دن کو عاشورہ کہتے ہیں۔
(2) سال کے دس ایام کو اللہ عزوجل نے بزرگی عطا فرمائی ہے، ان میں سے یہ دن دسویں منزل پر ہے، اس لیے اس دن کو عاشورہ کہا جاتا ہے۔
(3) اس دن اللہ عزوجل نے دس انبیائے کرام علیہ السلام پر خصوصی عنایتیں فرمائیں، اس نسبت سے اس دن کو عاشورہ کہا جاتا ہے۔ ( غنیة الطالبین)
یومِ عاشورہ اورزمانہ جاہلیت
یہودی یومِ عاشورہ کو اپنے لیے نجات کے طور پر مناتے تھے کیوں کہ اس دن حضرت موسیٰ علیہ السلام کو فرعون کے ظلم و ستم سے نجات ملی تھی۔ صاحبِ تفسیر ابنِ کثیر نے بھی اس بات کی طرف اشارہ دیا ہے کہ جب حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیکھا کہ یہود عاشورہ کے دن روزہ رکھتے ہیں تو آپ نے اس کی وجہ دریافت فرمائی، یہودیوں نے کہا: یہ وہ دن ہے کہ اس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام اور بنی اسرائیل کو فرعونیوں کے مقابلے میں فتح و نصرت سے نوازا تھا لہٰذا ہم لوگ اس دن کے احترام کے لیے روزہ رکھتے ہیں۔ (مسلم شریف)
عاشورہ کے دن غسل و عبادت
اللہ کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے عاشورہ کے دن غسل کیا وہ مرض الموت کے سوا کسی بھی بیماری میں مبتلا نہ ہوگا۔ (غنیة الطالبین)
حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے عاشورہ کی شب عبادت کی تو اللہ تعالیٰ جب تک چاہے گا اس کو زندہ رکھے گا۔ (غنیة الطالبین)
عاشورہ اور اعمالِ صالحہ
نبی اکرم تاجدارِ عرب و عجم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے عاشورہ کے دن پتھر کا سرمہ آنکھ میں لگایا تمام سال اس کو آشوبِ چشم نہیں ہوگا، جس نے اس دن کسی کی عیادت کی گویا اس نے تمام اولادِ آدم کی عیادت کی، جس نے عاشورہ کے دن کسی کو ایک گھونٹ پانی پلایا اس نے گویا ایک لمحہ کو اللہ کی نافرمانی نہیں کی۔ (غنیة الطالبین)
یتیم پر شفقت
حضور صلی اللہ علیہ وسلمنے ارشاد فرمایا: جس نے عاشورہ کے دن کسی یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرا تو یتیم کے سر کے ہر بال کے عوض جنت میں اس کا مرتبہ بلند کیا جائے گا۔ (غنیة الطالبین)
عاشورہ کے دن کی نفل نماز
حضرتِ ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ عاشورہ کے دن چار رکعتیں دو سلاموں کے ساتھ پڑھے، اس طرح کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ زلزال، سورہ کافرون اور سورہ اخلاص ایک ایک دفعہ پڑھے اور نماز کے بعد ستر بار دورد شریف پڑھے۔
دوسری روایت میں ہے کہ جس نے عاشورہ کے دن چار رکعت نماز اس طرح پڑھی کہ ہر رکعت میں ایک دفعہ سورہ فاتحہ اور پچاس بار سورہ اخلاص پڑھی، اللہ تعالیٰ اس کے پچاس برس گزشتہ اور پچاس برس آئندہ کے گناہ معاف فرمائے گا، ملا ے اعلیٰ میں اس کے لیے نور کے ہزار محل تعمیر فرمائے گا۔ (غنیة الطالبین)
قارئین کرام! بہتر تو یہ ہے کہ عاشورہ کی پوری رات ہی عبادت میں گزاری جائے اور اگر یہ مشکل ہو تو رات کے آخری حصہ میں ضرور عبادت کی جائے کہ یہ وقت تو عام راتوں میں بھی قبولیتِ دعا اور نزولِ رحمت کا ہے، ساری رات ان مصائب و آلام کا تصور بھی رہنا چاہیے جو عاشورہ کی صبح امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور آپ کے رفقا کو پہنچے کہ یہ تصور بھی حصولِ رحمت و برکت کا ذریعہ ہے۔
عاشورہ کا روزہ
عاشورہ کے دن کاروزہ رکھنا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی معمول تھا اور آپ سے پہلے آنے والے انبیاے کرام علیہم الصلوٰة و السلام بھی اس دن روزہ رکھا کرتے تھے، چنانچہ حدیثِ پاک میں ہے کہ سرورِ کونین صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: عاشورہ کے دن روزہ رکھو، کیوں کہ یہ وہ دن ہے کہ اس کا روزہ انبیائے کرام رکھتے تھے۔
گناہوں کی معافی
حضور اکرم نورِ مجسم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عاشورہ کے دن روزہ رکھنے پر مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ گزشتہ سال کے گناہوں کا کفارہ بنا دے گا۔ (مشکوٰة شریف، بیہقی)
حضرت ابوقتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عاشورا کے روزہ کے بارے میں پوچھا گیا آپ نے فرمایا : یہ روزہ گذشتہ سال کے گناہ مٹا دیتا ہے۔ (مسلم شریف)
سب سے افضل
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: رمضان کے بعد افضل روزے اللہ کے مہینے محرم کے روزے ہیں اور فرض نماز کے بعد افضل نماز رات کی نماز ہے۔ (مسلم شریف)
حضرت سیدنا عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو کسی دن کے روزے کو اس دن یعنی یومِ عاشورہ کے روزے پر بزرگی دیتے ہوئے رکھنے کی جستجو کرتے نہیں دیکھا۔ (بخاری، مسلم)
چار خصلتیں
حضرتِ حفصہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں:چار چیزیں ایسی تھیں جنہیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی ترک نہیں کیا، یوم عاشورہ کا روزہ، ذو الحجہ کے عشرہ یعنی نو دن کے روزے، ہر ماہ کے تین دن یعنی ایامِ بیض کے روزے اور فجر کی فرض سے پہلے کی دو رکعتیں۔ (مشکوٰة شریف)
نویں محرم کا روزہ
حضرتِ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے انہوں نے کہا جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمنے یومِ عاشورہ کا روزہ رکھا اور اس دن کا روزہ رکھنے کا حکم ارشاد فرمایا تو صحابہ کرام نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! یہ تو وہ دن ہے جس دن کی یہود و نصاریٰ تعظیم کرتے ہیں، اس پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اگر میں آئندہ سال زندہ رہا تو نویں محرم کا روزہ ضرور رکھوں گا۔
موت کی تنگی دور
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بنی اسرائیل پر سال میں ایک دن جو کہ یوم عاشورہ یعنی دس محرم الحرام کا روزہ فرض ہوا تھا، لہٰذا تم بھی اس دن کا روزہ رکھا کرو اور اس روز اپنے اہل وعیال پر وسعت اور فراخی کیا کرو اور جس نے اپنے مال میں سے اس عاشورہ کے روز اپنے اہل و عیال پر ہاتھ کھلا کیا تو اللہ تعالیٰ سارا سال اسے وسعت عطا فرمائے گا اور جس نے اس روز روزہ رکھا تو اس کے چالیس سالوں کا کفارہ بن جائے گا اور جس کسی نے عاشورہ کی رات بیدار رہ کر گزاری اور دن روزے کی حالت میں گزارا وہ مرتے وقت موت کی تنگی محسوس نہیں کرے گا۔ (غنیة الطالبین)
ٹی آر پی اور افواہوں سے دور،سچائی ، دیانت اور انصاف سے قریب ، مبنی بر حقیقت مضامین ،مقالات ، تعلیمی ، انقلابی ، معیاری اور تحقیقی و تفتیشی ویڈیوز کے لیے غیر جانبدار ادارے نوری اکیڈمی کے یوٹیوب چینل ، ویب سائٹس اور سماجی رابطے کی تمام سوشل سائٹس پر اپڈیٹ پانے کے لیے نوری اکیڈمی کو سبسکرائب ، فالو اور لائک کریں۔
..:: FOLLOW US ON ::..
No comments:
Post a Comment